Tuesday, May 10, 2011

جے این یو میں ماس میڈیا کی میگزین ’’ میڈیا ‘‘ کا رسم اجرا


جے این یو میں ماس میڈیا کی میگزین ’’ میڈیا ‘‘ کا رسم اجرا
جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کے ہندوستانی زبانوں کے مرکز میں ایڈوانس ڈپلومہ ان اردو ماس میڈیا کے تحت ایک صحافتی میگزین ’’ میڈیا ‘‘ کا رسم اجرا عمل میں آیا۔ جس میں صحافت کی سرکردہ شخصیات ،آج کل کے مدیر ابرار رحمانی ، روزنامہ ہندوستان ایکسپریس کے مدیر احمد جاوید اور عالمی سہارانیوز چینل سے وابستہ جمشید عادل علیگ نے شرکت کی ۔ جے این یو کے ہندوستانی زبانوں کے شعبہ سے متعلق اساتذہ پروفیسر محمد شاہد حسین ، پروفیسر معین الدین۔اے جینا بڑے ، ڈاکٹر انور پاشا، ڈاکٹر مظہر مہدی حسین، ڈاکٹر خواجہ اکرام الدین اور ڈاکٹر آصف زہری بھی رسم اجرا میں شامل رہے ۔ ڈاکٹر شفیع ایوب نے میڈیاکورس کاذکر کرتے ہوئے مہمانوں کا تعارف کرایا۔ میگزین کے مدیر مظہر حسنین اور جوائنٹ مدیر واثق الخیر نے میگزین کی اشاعت کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ کہا کہ یہ میگزین ہمارے صحافتی تربیت کا عملی نتیجہ ہے۔ یہ ہماری پہلی کوشش ہے جس میں جماعت کے دوسرے طلبا نے بھرپور حصہ لیا۔اگر ان کا ساتھ نہ ہوتا تو یہ میگزین آپ کے ہاتھ میں نہیں ہوتا۔
احمد جاوید نے صحافت کے تعلق سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ صحافت ایک مقدس پیشہ ہے جس میں ذہانت درکار ہوتی ہے۔ صحافت ادب کا ایک اختراعی عمل ہے اس میں ایمانداری ضروری ہے لیکن مارکیٹنگ کے لوازمات کا اختیا ر کرنا بھی ضروری ہے ۔ساتھ ہی معیار کا تعین کا خیال بھی رہے ۔ صحافت کے میدان میں قدم رکھنے کے لیے مطالعہ بہت وسیع اور اپ ٹو ڈیٹ ہونی چاہیے۔خبروں میں صرف مراسلہ اور رد عمل نہیں ہونا چاہیے۔ خبروں کی جزئیات سے ہی صحیح رپورٹنگ ہو سکتی ہے ۔ بحیثیت صحافی قارئین کی معلومات میںآپ نے کتنا اضافہ کیا یہ زیادہ اہم ہے ۔جمشید عادل علیگ نے رپورٹنگ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس میں تمہید سے بچنا چاہیے۔ چھوٹے چھوٹے جملے استعمال کرنا چاہیے۔ اپنی رائے ظاہر کرنے سے کہیں زیادہ قارئین کا خیال رکھنا ضروری ہے ۔ ابرار رحمانی نے اپنی پرانی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے کہا کہ یہاں پر ہونے والی آپ کی تربیت صحافت اور زندگی کے دوسرے میدان میں آپ کو فائدہ پہچائیں گی ۔شرکاء نے میگزین کی اشاعت پر طلبا کو مبارکباد پیش کی اور کہا اس طرح کی کوشش کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہنا چاہیے۔
پروگرام میں اردو ماس میڈیا کے طلباکے ساتھ ساتھ یونیورسٹی کے دیگر شعبوں کے طلبا نے بھی شرکت کی ۔پروگرام کا اختتام ابرار رحمانی کے دعائیہ کلمات پر ہو


تصویر میں دائیں سے ڈاکٹر مظہر مہدی حسین، ڈاکٹر خواجہ اکرام،پروفیسر محمد شاہد حسین ،ڈاکٹر آصف زہری،پروفیسر معین الدین ۔اے جینا بڑے،ابرار رحمانی،
ڈاکٹر انور پاشا،جمشید عادل علیگ،احمد جاوید اور شفیع ایوب ’’میڈیا ‘‘ میگزین کا رسم اجرا کرتے ہوئے۔